وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ٹیکس فری بجٹ دینے جا رہے ہیں۔
بجٹ سے متعلق بیان میں علی امین نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر بجٹ میں عوامی فلاحی منصوبوں کو ترجیح دی گئی ہے بجٹ میں صعنت، صحت، تعلیم، سیاحت، ڈیجاٹلائزیشن کیلئے رقم مختص کی گئی ہے۔
علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ پشاور تا ڈی آئی خان موٹروے پر کام کے لیے بھی رقم مختص کی گئی ہے اپ لفٹ کینالز منصوبہ بجٹ کاحصہ ہے جو پورے پاکستان کیلئےگیم چینجر ثابت ہو گا، 7لاکھ بنجر زمین کو سیراب کیا جا سکےگا بجٹ میں چھوٹے بڑے ڈیمز کےلیے رقوم مختص کی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسمیشن لائن پر کام جاری ہےجس سےبجلی صنعتکاروں کو آدھی قیمت پر فراہم کریں گے عوام کو بلاسود قرضوں فراہم کر کے اپنا روزگار فراہم کیا جائے گا جب کہ صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی لگا کر اس کا معیار مزید بلند کریں گے۔
علاوہ ازیں خیبرپختونخوا کابینہ میں ایک اور معاون خصوصی کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما محمد عاصم خان وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی مقرر کیا گیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تعیناتی کی سمری پر دستخط کر دئیے۔ خیبرپختونخوا کابینہ میں معاونین خصوصی کی تعداد 13 ہوگئی۔