پیر, مارچ 31, 2025
اشتہار

کتابوں کی نمائش میں ایک انوکھا اسٹال

اشتہار

حیرت انگیز

دہلی میں بڑے پیمانے پر کتابوں کی نمائش لگائی گئی۔ میں بھی اس کو دیکھنے کے لیے گیا۔ مختلف اسٹال دیکھتے ہوئے ایک جگہ پہنچا تو اس کے بورڈ نے مجھے اپنی طرف متوجہ کرلیا۔ بورڈ کے الفاظ تھے تھنک انکارپوریٹڈ Think incorported۔

یہ اس نمائش میں ایک انوکھا اسٹال تھا، اس کا مقصد یہ تھا کہ لوگوں کو سوچنے کا آرٹ بتایا جائے، کیوں کہ غلط سوچ آدمی کو ناکامی کی طرف لے جاتی ہے اور صحیح سوچ کام یابی کی طرف۔

یہاں مسٹر پرمود کمار بترا کی ایک خوب صورت چھپی ہوئی انگریزی کتاب تھی۔ اس کا نام مینجمنٹ تھاٹس Mangement Thoughts تھا۔ اس کے 315 صفحات ہیں اور اس میں 1360 مفید اقوال جمع کیے گئے ہیں۔ مثال کے طور پر ایک قول یہ تھا کہ ہمارا ذہنی رویہ ہماری بلندی کا تعین کرتا ہے۔

Our attitude detrmines our altitude

اسی طرح اس اسٹال پر کئی تعمیری کتبے تھے۔ ایک کتبے میں اوپر ماچس کی تیلی دکھائی گئی تھی۔ اس کے نیچے لکھا ہوا تھا کہ ماچس کی تیلی کا ایک سر ہوتا ہے مگر اس میں دماغ نہیں ہوتا، اس لیے جب بھی کوئی رگڑ ہوتی ہے تو وہ فوراً جل اٹھتی ہے۔ آئیے ہم ماچس کی ایک چھوٹی سی تیلی سے سبق لیں۔ ہم اور آپ سر رکھتے ہیں اور اس کے ساتھ دماغ بھی۔ اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم اشتعال پر بھڑک نہ اٹھیں۔

ایک انسان وہ ہے جو بھڑکنے والی بات پر بھڑک اٹھتا ہے۔ وہ فوری جذبے کے تحت عمل کرنے کے لیے کھڑا ہوتا ہے۔ ایسا آدمی ہمیشہ ناکام رہے گا۔ دوسرا انسان وہ ہے جو بھڑکنے والی بات ہو تب بھی نہیں بھڑکتا۔ وہ ٹھنڈے دماغ سے سوچتا ہے، پھر اپنا عمل کرتا ہے۔ ایسا آدمی ہمیشہ کام یاب رہے گا۔ دوسرا انسان، انسان ہے اور پہلا صرف ماچس کی تیلی۔

(مولانا وحید الدین خان کی تصنیف ’کتابِ زندگی‘ اقتباس)

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں