کراچی: عید الاضحیٰ کے تیسرے اور آخری روز قربانی کے ساتھ ساتھ گھروں میں مزیدار پکوان پکائے اور کھائے جارہے ہیں، کراچی کے شہریوں نے موسم آبر آلود ہونے کے سبب تفریحی مقامات کا رخ کرلیا ہے۔
حکومت کی جانب سے اعلان کی گئیں سرکاری چھٹیاں ختم ہوگئی ہیں تاہم بلوچستان اور سندھ حکومت کے زیر انتظام اداروں میں آج بھی چھٹی ہے۔
چھٹیوں کے موقع پر والدین کی کوشش ہوتی ہے کہ بچوں کی تمام خواہشیں پوری کی جائیں اور بچے بھی جھولوں اور پارکوں میں لطف اندوز ہوتے ہوئے ہر پل کو یادگار بنانے کی کوششش کرتے ہیں۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر سیاحوں کی بڑی تعداد سوات کے حسین مقامات کا رخ بھی کررہی ہے، سوات کی حسین وادی مالم جبا میں عید کے موقع پر سیاحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔
سطح سمندر سے ساڑھے 8 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع اس حسین وادی میں موسم انتہائی خوشگوار ہے، اس لیے ملک بھر سے سیاح ٹولیوں کی شکل میں یہاں پہنچ رہے ہیں۔