برسٹل : انگلینڈ نے تیسرے ون ڈے میں بھی پاکستان کو چھ وکٹ سے شکست دے دی، پاکستانی بولرز358رنز کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔ امام الحق کے151اور آصف علی کی نصف سنچری بھی کام نہ آئی۔
تفصیلات کے مطابق برسٹل میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والا سیریز کا تیسرا ون ڈے میچ میزبان ٹیم نے 45 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر باآسانی جیت لیا، پانچ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 0-2کی برتری حاصل ہوگئی۔
امام الحق کی151رنز کی اننگز بھی کام نہ آئی، میچ میں پاکستانی فیلڈرز نے کیچ بھی گرائے، انگلینڈ کے جوہنی بئیرسٹو نے دھواں دھار سنچری اسکور کی جبکہ جیسن رائے نے76رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
پاکستانی بولنگ لائن ناکام ہوگئی، پاکستانی بالرز نے بیٹسمینوں کی محنت پر پانی پھیردیا، شاہین اپنے تین سو انسٹھ رنز کے ہدف کا دفاع نہ کرسکے، انگلینڈ نے تیسرا ون ڈے جیت لیا۔
انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف45اوورز میں چار وکٹوں پر حاصل کیا، انگلش اوپنرز نے ٹیم کو شاندارآغاز فراہم کیا، جوئے روٹ 43،بین اسٹوکس 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان 17 اور معین علی 43 رنز کے ساتھ ناقبل شکست رہے۔جنید خان، عماد وسیم اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ابتدا میں کیچز ڈراپ ہونا پاکستان ٹیم کو بھاری پڑگیا، پانچ میچز کی سیریز میں انگلینڈٖ کو دو صفر کی برتری حاصل ہے، اگر پاکستان اپنے اگلے دونوں میچ جیت گیا تو سیریز 2-2 سے برابر ہوگی جبکہ انگلینڈ کو سیریز جیتنے کیلئے صرف ایک فتح درکار ہوگی۔
قبل ازیں تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے امام الحق کی شاندار سنچری کی بدولت انگلینڈ کو جیت کے لیے 359 رنز کا ہدف دیا تھا۔
امام الحق نے انگلش ٹیم کے خلاف اپنی پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے 151 رنز بنائے انہیں کُرن نے بولڈ کیا، امام الحق کی اننگز میں 16 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، حارث سہیل 41 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
کپتان سرفراز احمد 27 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، آصف علی 43 گیندوں پر 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عماد وسیم 22 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
آل راؤنڈر فہیم اشرف خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 13 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ٹام کُرن نے دو اور پلنکٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
Innings Break!
Imam ul Haq hit career-best 151 to help Pakistan reach a total of 358-9 in 50 overs.
Time for our bowlers to shine in Bristol.#ENGvPAK Live Updates: https://t.co/Bvi2iAILqB #WeHaveWeWill pic.twitter.com/OL2Mof8CpP— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) May 14, 2019
قبل ازیں تیسرے ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے یاسر شاہ کی جگہ جنید خان کو شامل کیا گیا ہے۔
قومی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 7 رنز پر گری جب فخر زمان 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم 15 رنز بنا کر ووکس کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا تاہم انگلینڈ نے 12 رنز سے پاکستان کو شکست دی۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر چکن پاکس کے باعث تیسرے ایک روزہ میچ سے باہر ہوئے تھے انہیں ڈاکٹرز نے پانچ روز آرام کا مشورہ دیا ہے۔