آکلینڈ میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو با آسانی 9 وکٹوں سے ہرا دیا۔
گزشتہ دو میچوں میں مسلسل ناکام رہنے والی پاکستانی بیٹنگ لائن تیسرے میچ میں کلک کر گئی اور نیوزی لینڈ کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 205 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر صرف 16 اوورز میں حاصل کر لیا۔ حسن نواز نے برق رفتار ناقابل شکست سنچری اسکور کی۔
پاکستان کی جانب سے حسن نواز اور محمد حارث نے اننگ کی شروعات کیں اور ٹیم کو 5.5 اوورز میں 71 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔
محمد حارث 20 گیندوں پر 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگ میں تین چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔ حارث کی وکٹ گرنے کے بعد حسن نواز نے کپتان سلمان علی آغا کے ساتھ مل کر فتح کا سفر جاری رکھا۔
حسن نواز نے 45 گیندوں پر ناقابل شکست سنچری اسکور کرتے ہوئے 105 رنز بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ان کی اننگ میں سات بلند وبالا چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔
کپتان سلمان علی آغا نے بھی 30 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 51 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے واحد وکٹ ڈفی نے حاصل کی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.5 اوورز میں 204 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
نیوزی لینڈ ٹیم کے کھلاڑی مارک چیمین نے دھواں دھار نصف سنچری بنائی اور 44 گیندوں پر 94 رنز اسکور کیے اس کے علاوہ کپتان مائیکل بریسویل نے 31 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
قومی ٹیم کی جانب سے فاسٹ بولر حارث رؤف نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، شاہین آفریدی اور ابرار احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
پانچ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو اب بھی دو ایک سے برتری حاصل ہے۔ چوتھا میچ اتوار 23 مارچ کو کھیلا جائے گا۔