اسلام آباد: برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے قبائلی اضلاع کے اوّلین اور تاریخ ساز انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج قبائلی عوام کے لیے تاریخی دن ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر برطانوی ہائی کمشنر نے اپنے پیغام میں خیبر پختون خوا میں نئے ضم شدہ اضلاع کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تھامس ڈریو نے ٹویٹ کیا کہ سابق فاٹا کے لیے یہ ایک تاریخی دن ہے، کیوں کہ وہ پہلی بار کے پی اسمبلی کے لیے اپنے ممبرز کا انتخاب کر رہے ہیں۔
Best wishes to the people of Khyber Pakhtunkhwa’s Newly Merged Districts. A historic day for the former #FATA as they elect members of the KP Assembly for the first time. May they do so safely and freely.
— Thomas Drew (@TomDrewUK) July 20, 2019
برطانوی ہائی کمشنر نے عوام کے لیے نیک خواہشات کے اظہار کے ساتھ ساتھ دعا بھی کی کہ قبائلی عوام الیکشن کے اس عمل کو آزادانہ اور محفوظ طریقے سے پورا کریں۔
خیال رہے کہ صوبہ خیبر پختون خواہ میں ضم کیے گئے قبائلی علاقوں میں منعقدہ تاریخ ساز انتخابات میں گنتی کا عمل جاری ہے، غیر حتمی نتایج کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے، پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا، یہاں 16 صوبائی نشستوں پر مقابلہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: قبائلی اضلاع میں الیکشن: غیر سرکاری نتائج کا سلسلہ جاری
اٹھائیس لاکھ سے زاید ووٹرز نے حقِ رائے دہی استعمال کیا، دو خواتین سمیت دو سو پچاسی امیدوار میدان سیاست میں مد مقابل تھے۔
الیکشن کا عمل پُر امن تھا، عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، بزرگوں کے علاوہ خواتین نے بھی بڑھ چڑھ کر ووٹ ڈالے، 1 ہزار 897 پولنگ اسٹیشنز قایم کیے گئے تھے، جس میں 554 کو انتہائی حساس اور 461 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔