اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ چین میں وائرس سے متاثرہ چاروں پاکستانی صحت یاب ہو رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا کوئی مریض نہیں ہے، پاکستان میں کچھ افراد کو کرونا وائرس کے شک کے باعث نگرانی میں رکھا گیا تھا تاہم ان میں وائرس نہیں پایا گیا۔
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ طے کر لیا چین سے پاکستانیوں کی آمد پر کیا اقدامات کرنے ہیں، پاکستان آنے والوں کو پہلے چودہ دن مانیٹر کیا جائے گا۔
معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ شام تک کرونا وائرس ٹیسٹ کٹس موصول ہوجائیں گی، اسلام آباد میں این آئی ایچ،لاہورمیں شوکت خانم اور کراچی میں آغاخان اسپتال میں ٹیسٹ ہوں گے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ چین میں وائرس سے متاثرہ چاروں پاکستانی صحت یاب ہو رہے ہیں، یقین ہے چین میں طلبا کی ٹھیک دیکھ بھال ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے الیکٹرونک میڈیا پر کرونا وائرس سے بچاؤ ، احتیاط اور دیگر حوالوں سے آگاہی دینے کے لیے مہم کا آغاز بھی کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اس موذی مرض سے بڑی حد تک محفوظ کرلیا، ہمیں اپنے بچوں کی فکر اور قومی ذمہ داری کا احساس ہے، لیکن کسی کی نقل کرتے ہوئے اپنے لوگوں کو مشکل میں نہیں ڈال سکتے۔