خود کو خادم پاکستان کہنے والوں نے عوام کی زندگی جہنم بنا دی مہنگائی آسمان پر پہنچ گئی مگر وہ سب اچھا کا راگ الاپتے رہے جب عوام سڑکوں پر نکلے تو سارا ملبہ آئی ایم پر گرا دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق خود کو خادم پاکستان کہنے والوں نے عوام کی زندگی جہنم بنا دی مہنگائی آسمان پر پہنچ گئی مگر وہ سب اچھا کا راگ الاپتے رہے۔ سابقہ پی ڈی ایم حکومت کے کرتوتوں کی بدولت آج مل کے عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہیں اور دل جلنے کے بعد اب بجلی کے بھاری بھرکم بل جلا رہے ہیں۔ جب عوام سڑکوں پر نکلے تو انہیں مہنگائی کے تحفے دینے والوں نے سارا ملبہ آئی ایم پر گرا دیا۔
شہباز شریف کی سربراہی میں سابق پی ڈی ایم کی حکومت میں مسلم لیگ نون کے دو اکنامک ہٹ مین نے وہ کارنامے انجام دیے جس کو قوم مدتوں یاد رکھے گی، بڑے دعووں کے ساتھ جب وہ حکومت میں آئے تو عوام کا بھرکس ہی نکال دیا پٹرول مہنگا، بجلی مہنگی، آٹا مہنگا، چینی مہنگی، انڈے، دودھ، سبزیاں، پھل، گوشت، دوائیں غرض یہ کہ آج سب کچھ آسمان سے باتیں کر رہے ہیں۔
ان سب کے باوجود وہ اب پھر اگلی باری کے لیے تیاری پکڑ رہے ہیں۔ مہنگی بجلی کے ستائے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے 2013 میں نواز حکومت میں فرنس آئل سے بجلی پیدا کرنے کیلیے مہنگی ترین پاور پلانٹس لگانے کے منصوبے کا ملبہ بھی دوسرے پر ڈال دیا۔
نواز حکومت میں فرنس آئل سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کی پاکستان کیا قیمت ادا کر رہا ہے۔ یہ نگراں وفاقی وزیر نے عوام کو کھل کر بتا دیا ہے اور اب عوام سے کچھ نہیں چھپا ہے۔