کراچی گڈز ٹرانسپورٹرز نے کہا ہے کہ دھرنوں کے باعث نیشنل ہائی وے پر مال بردارگاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں، سندھ پنجاب بارڈر پر گاڑیوں کی لائن لگی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مال بردار گاڑیاں سندھ پنجاب بارڈر کموں شہید سے کاٹھور تک پھنسی ہیں، ہزاروں ٹرک، ٹریلرز، کار کیریئرز، آئل ٹینکرز، گیس باؤزر پھنسے ہیں، جانوروں سے لدے ٹریلر، پبلک ٹرانسپورٹ اور ایمبولینسز بھی پھنسی ہوئی ہیں۔
الائنس نے کہا کہ دھرنوں کے باعث ہونے والے ٹریفک جام سے ٹرانسپورٹرز میں بےچینی، خوف و ہراس بڑھتا جارہا ہے۔
کراچی گڈز ٹرانسپورٹرز آلائنس نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو حالات کی سنگینی سےآگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ اے آئی جی نے ہمارے خدشات کو فوری اعلیٰ حکومتی حکام تک پہنچانے کا وعدہ کیا۔
دریں اثنا کراچی چیمبر نے سکھر کے قریب ببرلو کے مقام پر دھرنے، شاہراہ کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا ہے، صدر کراچی چیمبرآف کامرس نے کہا کہ نیشنل ہائی وے پر ٹریفک جام ہے، سامان کی ترسیل بری طرح متاثر ہے۔
جاوید بلوانی نے کہا کہ برآمدی سامان، خاص طور پر خراب ہونیوالی اشیا وقت پر منزل تک نہیں پہنچ رہیں، دھرنوں اور بندشوں سے ملکی تجارت، برآمدات اور ساکھ کو شدید خطرات لاحق ہیں۔