اسلام آباد : اے این ایف حکام نے کارروائی کرتے ہوئے پمز اسپتال کےقریب سے 2گاڑیوں سے منشیات برآمد کرکے گاڑیوں میں سوار 3ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اے این ایف انٹیلی جنس اور اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد میں مشترکہ کارروائی کی اور کارروائی کے دوران پمز اسپتال کےقریب سے 2گاڑیوں سے منشیات برآمد کرلی۔
ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ منشیات میں 32کلوہیروئن،12کلو افیون شامل ہے، دونوں گاڑیوں میں سوار 3ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا روات کے قریب دونوں مشکوک گاڑیوں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تھا، جس کے بعد اے این ایف ٹیم نےگاڑیوں کاتعاقب کرکےپمزاسپتال کے قریب پکڑلیا۔
اے این ایف کا کہنا ہے کہ دونوں گاڑیوں سے مجموعی طور پر 44.750 کلو منشیات برآمد ہوئیں۔
دوسری جانب اے این ایف انٹیلی جنس اور اے این ایف پشاور نے خفیہ اطلاع پر ٹل میران شاہ روڈ پر کارروائی کی اور چیکنگ کے دوران کار سے اڑتیس کلوگرام ہیروئن برآمد کرلی۔
گاڑی میں سوارضلع خیبرکے رہائشی منصور خان اور حضرت ولی نامی دو ملزمان کو گرفتارکرلیا ہے۔
ترجمان نے بتایا ہیروئن کار کے فرش میں بنائے گئے خفیہ خانے میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی تھی، دونوں ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔