راولپنڈی : نواحی علاقے گوجر خان میں موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے تین نوجوانوں کوقتل کردیا اور بآسانی فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے نواحی علاقے گوجر خان میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے تین نوجوانوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور لوڈ شیڈنگ کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
مقامی افراد کا کہنا تھا کہ تینوں افراد دوست تھے اور لوڈ شیڈنگ کے باعث اپنے گھروں سے باہر کھلی فضا میں بیٹھے تھے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے ہلاک کردیا اور اندھیرے کی وجہ سے بآسانی فرار ہو گئے۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ابتدائی شواہد اکٹھے کر کے مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جب کہ مقتولین عبدالرحمان، بدرعلی اور محمد عمران کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر گوجر خان اسپتال منتقل کردیں جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا عمل جاری ہے اور کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم ابتدائی طور پر لگتا ہے واقعہ ذاتی یا خاندانی دشمنی کی وجہ سے پیش آیا چنانچہ اس پہلو سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔