ابوظبی : متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں چھ منزلہ عمارت میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان کے علاقے الراشدیہ میں واقع کثیر المنزلہ رہائشی عمارت میں ہولناک آتشزدگی کے نتیجے میں 2 بچوں اور ایک بزرگ شہری سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ عمارت میں موجود کرائے دار بحفاظت باہر نکال لیے گئے ہیں۔
اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ خوفناک آتشزدگی میں ہلاک ہونے والے بچوں کی عمر 4 اور 2 برس تھی جبکہ ہلاک ہونے والا برزگ شہری 69 برس کا تھا۔
عجمان کی سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر بریگیڈئر عبدالعزیز الشمسی کا کہنا تھا کہ الراشدیہ میں واقع 6 منزلہ عمارت کے چوتھے فلور پر اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔
مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کے واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو خلیفہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
عجمان سول ڈیفنس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ واقعہ آج دوپہر 12 بج کے 6 منٹ پر پیش آیا تھا۔
اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ عمارت میں بھڑکنے والی آگ نے گھر کا سارا سامان جلا کر راکھ کردیا۔
مزید پڑھیں : متحدہ عرب امارات، گھر میں ہولناک آتشزدگی، 8 افراد جاں بحق
یاد رہے کہ رواں ماہ 2 تاریخ کو متحدہ عرب امارات کی ریاست و دارالحکومت ابوظبی کے علاقے بنی یاس میں ایک مکان میں ہولناک آتشزدگی کے نتیجے میں چھ بچوں اور دو خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق ہوئے تھے، جبکہ گھر کی مالکن کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔