کولگام: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے آٹھ جولائی کو شہید برہان وانی کی برسی منانے پر عملاً پابندی لگاتے ہوئے تین کشمیری شہید کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں ترال قصبے میں برہان وانی کی برسی پر عوامی اجماعات کو روکنے کے لیے قصبے کی ناکہ بندی کردی ہے۔
ترال کے ایک آسودہ حال گھرانے سے تعلق رکھنے والے برہان وانی کو آٹھ جولائی 2016 کو ککر ناگ کے بم ڈورہ گاؤں میں بھارتی فوجیوں نے دو ساتھیوں سمیت شہید کر دیا تھا۔
برہان وانی کی برسی منانے سے روکنے پر کشمیریوں نے شدید احتجاج کیا، مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے بھارتی فوج نے بے دردی سے فائرنگ کرتے ہوئے تین افراد کو گولیوں سے بھون ڈالا۔
شہید ہونے والے کشمیریوں میں ایک لڑکی اور دو نوجوان شامل ہیں، عینی شاہدین کے مطابق 16 سالہ لڑکی عندلیب اور دو نوجوان شاکر اور ارشاد موقع پر ہی شہید ہوگئے جب کہ چھ مظاہرین شدید زخمی ہوئے۔
بھارتی مظالم کے خلاف مقبوضہ کشمیرمیں ہڑتال
واقعے کے فوراً بعد کولگام اور دیگر علاقوں میں فوج مخالف مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا، بھارتی فوج نے کئی علاقوں کا محاصرہ کرلیا، کئی اضلاع میں انٹرنیٹ بھی بند کر دیا گیا۔
آٹھ جولائی کو مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال اور مظاہروں کی اپیل پر پولیس نے سینئر حریت رہنما سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کو گھروں میں نظر بند جب کہ یاسین ملک کو تھانے میں بند کر دیا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔