مظفرگڑھ : صوبہ پنجاب کے شہر مظفرگڑھ میں مسافر بس اور تیز رفتاری کے باعث ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق مظفرگڑھ میں سلطان کالونی دری اڈے کے قریب مسافر بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ٹریفک حادثے میں 20 افراد زخمی بھی ہوئے، بس میں پھنسے مسافروں کو نکال کر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس سخی سرور سے فیصل آباد جا رہی تھی۔
گوجرانوالہ میں بس حادثہ ‘ 1 شخص جاں بحق ‘ 15 زخمی
یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں تیزرفتار بس فٹ پاتھ سے ٹکرا کرالٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا تھا۔
پولیس کے مطابق بس جڑانوالہ سے سیالکوٹ ایئرپورٹ جارہی تھی، حادثے کا شکار ہونے والی بس میں عمرہ عازمین سوارتھے۔
ڈی جی خان: خطرناک ٹریفک حادثہ، 4 افراد جاں بحق
واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبرمیں پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں انڈس ہائی وے پر پائیگاہ کے قریب کار اور ٹرک میں ٹکر ہوئی تھی جس کے باعث 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔
جاں بحق ہونے والوں میں ماں اور بیٹا بھی شامل تھے جبکہ حادثے میں ایک بچی بھی شدید زخمی ہوئی۔