کراچی: شہر قائد میں سرکاری ادویات فروخت کرنے کا انکشاف ہوا جس کے بعد پولیس نے کارروائی کر کے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز سلمان لودھی کے مطابق ایس ایس پی ویسٹ کی سربراہی میں پولیس نے اتحاد ٹاؤن میں واقع ایک گھر میں چھاپہ مارا جہاں سے بڑی تعداد میں سرکاری ادویات برآمد ہوئیں۔
پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کیا جن سے ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ تینوں افراد سرکاری اسپتالوں میں مفت فراہم کی جانے والی ادویات کو فروخت کرتے تھے۔
ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا تھا کہ ملزمان سرکاری اسپتالوں میں تعینات عملے کی ملی بھگت سے ادویات چوری کر تے تھے اور اُن پر سے سرکاری لیبل مٹا کر انہیں میڈیکل اسٹور پر فروخت کرتے تھے۔
اُن کا کہنا تھاکہ ملزمان کے قبضے سے زندگی بچانے اور آپریشن تھیٹر میں استعمال ہونے والی قیمتی ادویات برآمد ہوئیں جن کو فروخت کرکے عوام سے بھاری قیمت وصول کی جاتی تھی۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ملزمان اسپتالوں سے ادویات جمع کر کے اتحاد ٹاؤن لے جاتے تھے اُس کے بعد ان کی پیکنگ تبدیل کر کے انہیں مختلف میڈیکل اسٹوروں پر کمپنی ریٹ سے کم قیمت پر فراہم کیا جاتا تھا۔