صادق آباد : استاد نے اپنے ہی شاگردوں پر تیزاب پھینک کر جھلسا دیا، لوگوں نے موقع پر پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا، ملزم بچوں کو ٹیوشن پڑھاتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق صادق آباد کے علاقے حق ٹاؤن میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا ہے جہاں ملزم نے گلی میں کھیلنے والے چار بچوں پر تیزاب ڈال کر انہیں شدید زخمی کردیا۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے4بچوں پر تیزاب پھینکا ہے، بچوں کو فوری طبی امداد کیلیے تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ صادق آباد پولیس کے مطابق ملزم بچوں کو پڑھاتا تھا اور بچوں ساتھ سختی کرنے پر والدین کی جانب سے اسے بچوں کو ہراساں کرنے سے منع کیا گیا تھا جس کا اس کو رنج تھا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ہے کہ ملزم واردات کرنے کیلئے برقع پہن کرآیا اور گلی میں کھیلنے والے چار بچوں پرتیزاب پھینک دیا اور فرار ہونے کی کوشش کی، اہل محلہ نے تعاقب کے بعد ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
خیال رہے کہ ملک میں اس سے قبل بھی تیزاب گردی کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں، زیادہ تر تیزاب گردی کے واقعات شادی سے انکار پر پیش آئے۔ 9 فروری کو شہر قائد کے علاقے عزیز آباد میں بیوی نے شوہر پر تیزاب پھینک دیا تھا جس کے نتیجے میں شوہر اور 10 سالہ بیٹا زخمی ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں : شادی سے انکار پر ملزم نے منگیتر پر تیزاب پھینک دیا
اس کے علاوہ ملتان کے علاقے تھانہ صدر کی حدود میں نامعلوم ملزمان نے پانچ سالہ معصوم بچے پر تیزاب پھینک دیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ 5 سالہ بچے پر تیزاب پھینکنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ اقدام قتل اور دہشت گردی کے دفعات کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا۔