لاس اینجلس : سپر ہیروز کا راج ہالی ووڈ باکس آفس پر برقرار ہے، ہالی ووڈ کی ایکشن سے بھرپور سائنس فکشن فلم تھنڈربولٹز دوسرے ہفتے بھی کمائی کی دوڑ میں سب سے آگے رہی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سائنس فکشن فلم ’’تھنڈربولٹز‘‘ نے مسلسل دوسرے ہفتے بھی امریکی باکس آفس پر پہلا نمبر حاصل کر لیا ہے، تاہم رواں ہفتے کوئی نئی فلم ریلیز نہیں ہوئی۔
فلم ’’تھنڈربولٹز‘‘ نے گزشتہ روز مزید 9 ملین ڈالر کمائے، یہ فلم اب تک شمالی امریکہ میں 100 ملین ڈالر سے زیادہ کمائی کرچکی ہے اور آئندہ چند روز تک یہ کمائی 130 ملین ڈالر سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔
اس حوالے سے باکس آفس پر نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ فلم ’’تھنڈربولٹز‘‘ کا بجٹ 180 ملین ڈالر تھا اور اس پر 100 ملین ڈالر کی مارکیٹنگ بھی کی گئی، اس لیے فلم کو مزید کامیاب بنانے کے لیے زیادہ دیر تک سینماؤں میں شائقین کی توجہ حاصل رکھنا ہوگی۔
علاوہ ازیں باکس آفس اپڈیٹ کے تحت فلم ’’سنرز‘‘ نے 200 ملین کا ہندسہ عبور کرلیا ہے، فلم “سنرز” نے گزشتہ روز جمعے کو 6.5 ملین ڈالر کمائے تھے جبکہ ہفتے کے دن تک یہ فلم 200 ملین ڈالر کا سنگ میل عبور کر چکی ہے، جو کہ ایک نئی اور اصل کہانی پر مبنی فلم کے لیے بہت بڑی بات ہے۔