گرمی کے ستائے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی شام سے بدھ تک اسلام آباد سمیت گرد ونواح کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر سمیت بالائی پنجاب میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
شدید گرمی سے متاثرہ پاکستان کے جنوبی علاقوں کے شہریوں کے لیے خوشخبری ہے کہ اسی مدت کے دوران شمالی بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
پیر سے بدھ کے دوران جنوب مشرقی سندھ میں بھی گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
دریں اثنا ڈی جی محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ 29 سے 31 مئی تک بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا اور اس دوران طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوگی۔
ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال پری مون سون بارشیں بھی زیادہ ہوں گی جب کہ مون سون بارشیں زیادہ خطرناک ہوں گی۔