اسلام آباد : نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے 18 سے 22 فروری تک مختلف علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارش، طوفانی ہوائیں اور برفباری سے متعلق الرٹ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے ادارے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے 18 سے 22 فروری موسمی جائزہ رپورٹ جاری کردی۔
جس میں بتایا گیا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارش، طوفانی ہوائیں اور برفباری متوقع ہے،
پوٹھوہار ریجن، بالائی اور شمال مشرقی پنجاب اور اسلام آباد میں 19 تا 21 فروری بارش متوقع ہے جبکہ شمالی اور شمال مغربی بلوچستان میں18 تا 20 فروری گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
بالائی خیبرپختونخوا میں 18 تا 20 فروری گرج چمک کیساتھ بارش اور برفباری جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 19 اور 20 فروری کو مطلع ابرآلود، بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ سندھ میں موسم زیادہ ترسرداورخشک رہےگا جبکہ ملک کے بیشتر حصوں میں 21 سے 22 فروری تک موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہے کہ موسم کی ممکنہ صورتحال کےمطابق اقدامات یقینی بنائیں اور عوام ممکنہ برفباری اور بارش سےمتاثرہ علاقوں میں محتاط رہیں۔