کرکٹ شائقین کیلیے اچھی خبر ہے کہ پاکستان آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے ٹکٹوں کی فروخت شروع کردی گئی ہے۔
پاک آسٹریلیا ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے شدت سے منتظر شائقین کیلیے اچھی خبر آگئی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان وائٹ بال سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت شروع کردی گئی ہے۔ تمام ٹکٹس بک می ڈاٹ پی کے ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
ون ڈے میچوں کے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 500 روپے جب کہ زیادہ سے زیادہ قیمت 3000 روپے رکھی گئی ہے جب کہ سیریز کے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کے ٹکٹ کی قیمت 500 سے لے کر 4 ہزار روپے تک مقرر کی گئی ہے۔ ایک شناختی کارڈ پر 6 ٹکٹس تک خریدے جاسکتے ہیں۔
سیریز کے ون ڈے میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپرلیگ کا حصہ ہیں۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا 24 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان آئی ہے اس سیریز میں تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ شامل ہے، ابتدائی دو ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوئے ہیں جب کہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری ہے۔
پاک آسٹریلیا وائٹ بال سیریز 29 مارچ سے 5 اپریل تک جاری رہے گی اور تمام میچز راولپنڈی اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔
شیڈول کے مطابق پہلا ون ڈے 29 مارچ کو، دوسرا 31 مارچ اور تیسرا اور آخری ون ڈے 2 اپریل کو کھیلا جائیگا جب کہ واحد ٹی ٹوئنٹی میچ 5 اپریل کو ہوگا جس کے ساتھ ہی یہ دورہ اپنے اختتام کو پہنچے گا۔