امریکا کی ریاست پنسلوینیا میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے بعد ان کی بیٹی ٹفنی ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اہم بیان جاری کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ٹفنی ٹرمپ نے انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ سیاست میں تشدد کبھی بھی جواب نہیں ہوتا، سیکرٹ سروس اور سکیورٹی ارکان کا فائرنگ کے دوران بے خوفی سے ردعمل پر شکریہ ادا کرتی ہوں۔
ٹفنی نے مزید کہا کہ میرے والد بہادر ہیں اور وہ آپ اور امریکا کیلیے لڑتے رہیں گے۔
آج پنسلوینیا میں سابق امریکی صدر پر اُس وقت قاتلانہ حملہ کیا گیا جب وہ انتخابی مہم کے سلسلے میں ریلی کے شرکا سے خطاب میں مصروف تھے۔
خطاب کے دوران اچانک فائرنگ ہوئی جس میں وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہے تاہم گولی ان کے کان کے اوپری حصہ پر لگی جس سے خون بہنے لگا۔
ان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔ بعدازاں ڈونلڈ ٹرمپ نجی طیارے کے ذریعے نیو جرسی پہنچے جہاں وہ گالف کلب میں قیام کریں گے۔
قاتلانہ حملے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سابق صدر گولی لگتے ہی جھکے اور ہاتھ کان پر رکھا۔
اسی لمحے اسٹیج پر سراسیمگی پھیل گئی اور تھوڑی دیر میں سکیورٹی اہلکار متحرک ہوئے اور ٹرمپ کو گھیرے میں لے لیا۔ ٹرمپ نے زخمی کان کے ساتھ ہاتھ کا مکا بنا کر سامعین کی طرف لہراتے ہوئے عزم کا اظہار کیا۔