کراچی: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کل سے باقاعدہ یوتھ ٹائیگرفورس کی رجسٹریشن کا آغاز ہوگا، ٹیسٹ رن میں ملک بھر کے نوجوانوں میں زبردست پذیرائی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے مطابق پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد ٹائیگر فورس کے لیے رجسٹر ہونا چاہتی ہے، ابتدائی طور پر صرف 32ہزار نوجوانوں نے خود کو رجسٹر کرلیا ہے، 50منٹ کے دورانیے میں 4لاکھ سے زائد ویب سائٹ ہٹس ریکارڈ ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیٹامرتب کیا جارہا ہے، ٹائیگرفورسز کو ڈسٹرکٹ لیول تک متحرک کیا جائے گا، 10 اپریل تک ڈیٹا مرتب کرلیا جائے گا، ٹائیگرفورس کو باقاعدہ کارڈ ایشو کریں گے، ٹائیگرفورس مستحقین کا ڈیٹا مرتب کرے گی، قرنطینہ سے متعلق آگاہی دے دی، اپوزیشن ٹائیگر فورس کو متنازع بنانے کی کوشش کررہی ہے۔
کرونا ریلیف ٹائیگر فورس، وزیر اعظم آج شام رجسٹریشن کا آغاز کریں گے
معاون خصوصی کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپوزیشن کو بتا دینا چاہتا ہوں ٹائیگرفورس کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ہوگا، عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے وزیراعظم نے بڑا اقدام اٹھایا۔
خیال رہے کہ ملک میں ممکنہ لاک ڈاؤن کے پیش نظر کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تشکیل کے سلسلے میں رجسٹریشن کل شروع ہوگی، اس سلسلے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے ڈیٹا بیس سسٹم پر کام شروع کر دیا ہے۔ وزیراعظم نے عوام کو ہرممکن ریلیف فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔