اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ٹائیگرفورس میں ساڑھے8 لاکھ سے زائد نوجوان رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، زبردست پذیرائی ملنے پر وزیراعظم نے رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کی۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ٹائیگرفورس میں تمام سیاسی جماعتوں کے لوگ ہیں، ٹائیگرفورس میں12ہزار کے قریب ہیلتھ ورکرز رجسٹرڈ ہوئے، ٹائیگرفورس میں 2ہزار کے قریب ایم بی بی ایس ڈاکٹرز رجسٹرڈ ہوئے، رجسٹریشن کا وقت15اپریل تک بڑھا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی میں مکمل ہم آہنگی ہے زبردست کام کیا جارہا ہے، سینٹر میں اور صوبوں میں بہترین کام چل رہا ہے یہ وقت انارکی کا نہیں، مجھے لگتا ہے پیپلزپارٹی میں کوآرڈی نیشن کے مسائل ہیں۔
کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کی رجسٹریشن میں توسیع
معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ سیاست کی دکانداری چمکانے کا وقت نہیں، میرے پاس بھی بہت کچھ ہے، ہمیں ایسا پیغام دیناچاہیے کہ عوام کو پتہ چلے سب جماعتیں ان کے ساتھ ہیں، فرانزک رپورٹ آنے دیں جوذمہ دارہوں گے ان کے خلاف کارروائی ہوگی، پہلے چینی آٹا مافیا کی باتیں ہوتی تھیں اب کنسٹرکشن مافیا کی بات ہورہی ہے۔
عثمان ڈار کا مزید کہنا تھا کہ ہرچیز کو سیاست سے نہیں جوڑنا چاہیے کاروباری لوگوں کو بدنام نہ کیا جائے۔
خیال رہے کہ نوجوانوں کی خواہش کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹائیگرز فورس کی رجسٹریشن میں توسیع کر دی گئی ہے، کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کی رجسٹریشن میں مزید 5 روز کا اضافہ کیا گیا ہے۔