ٹک ٹاک نے پالیسیوں کی خلاف ورزی کرنے پر پاکستان میں 6.5 ملین ویڈیوز ہٹا دیں۔
مختصر ویڈیوز بنانے اور شیئر کرنے والے عالمی پلیٹ فارم، ٹک ٹاک نے آج اپنی سہ ماہی ٹرانسپیرنسی رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق پاکستان دوسری بڑی مارکیٹ ہے جہاں ٹک ٹاک کی کمیونٹی گائیڈ لائنز، ٹرمز آف سروس کی خلاف ورزی کرنے والی اور کووِڈ19-کے بارے میں گمراہ کن معلومات پھیلانے والی ویڈیوز ہٹائی گئیں۔
جنوری،2021 تا مارچ 2021 کے عرصے کے میں 61,951,327 ویڈیوز کو عالمی سطح پر ہٹایا گیا جو ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کی گئیں تمام ویڈیوز کے 1 فیصد سے بھی کم ہیں۔ ٹک ٹاک نے اِن وڈیوز میں سے 91.3 فیصد ویڈیوز استعمال کرنے والوں کی جانب سے رپورٹ کیے جانے سے قبل ہٹائیں جبکہ 81.8 فیصد ویڈیوز دیکھے جانے سے قبل ہٹائی گئیں اور 93.1 فیصد ویڈیوز کو پوسٹ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ہٹایا گیا۔
پاکستانی مارکیٹ میں، ٹک ٹاک نے6,495,992 ویڈیوز ہٹائیں۔ اِس طرح پاکستان دوسری بڑی مارکیٹ بن گیا جہاں، امریکا کے بعد سب سے زیادہ ویڈیوز ہٹائی گئیں۔ اِسی عرصے میں،امریکا میں 8,540,088 ویڈیوز ہٹائی گئیں۔
ایک ذمہ دار پلیٹ فارم ہونے کی حیثیت سے، ٹک ٹاک عوامی صحت کے ماہرین کے ساتھ بھی کام کر رہا ہے تاکہ کمیونٹی کو محفوظ رکھا جا سکے اور کووِڈ19- اور اِس کی ویکسین کے بارے میں معلومات فراہم ہوتی رہیں۔سنہ 2021ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران،ٹک ٹک کے کووِڈ19-کے انفارمیشن ہب کو، دنیا بھر میں، 1,535,114,921مرتبہ دیکھا گیا۔