امریکا کے صدر ٹرمپ نے ٹک ٹاک سے متعلق نیا ایگزیکٹو آرڈر جاری کردیا۔
امریکا کے صدر ٹرمپ نے ٹک ٹاک بند نہ کرنے کی مدت میں 90 روز کی توسیع کردی، ٹرمپ نے مدت میں توسیع سے متعلق ٹروتھ سوشل پر آگاہ کیا۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے کہا ہے کہ ٹرمپ ٹک ٹاک کو آپریشنل رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ٹرمپ نے تسلیم کیا ہے کہ کسی بھی فروخت کے لیے ممکنہ طور پر چینی حکومت کی منظوری درکار ہوگی۔
کیرولین لیویٹ نے کہا تھا کہ صدر ٹرمپ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ وہ ٹک ٹاک کو بند نہیں کرنا چاہتے، یہ توسیع 90 دن تک رہے گی، اور انتظامیہ اس ڈیل کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے گی، تاکہ امریکی عوام اس یقین دہانی کے ساتھ ٹک ٹاک کا استعمال جاری رکھ سکیں کہ ان کا ڈیٹا سلامت اور محفوظ ہے۔ خیال رہے کہ موجودہ توسیع جمعرات کو ختم ہو رہی ہے۔
یہ پڑھیں: ٹک ٹاک ڈیڈ لائن، ٹرمپ نے اہم فیصلہ کر لیا
خیال رہے کہ اپریل 2024 میں امریکی ایوان نماندگان نے ایک قانون کی منظوری دی تھی جس کے تحت ٹک ٹاک کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ 19 جنوری تک اپنے امریکی آپریشنز کو فروخت کر دے ورنہ اس پر پابندی عائد کی جائے گی۔
اس قانون پر صدر جو بائیڈن نے بھی دستخط کیے تھے۔
ٹک ٹاک کی جانب سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایگزیکٹیو آرڈر پر ابھی کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا مگر یہ کمپنی پہلے ہی ایک بیان میں نو منتخب صدر کا شکریہ ادا کرچکی ہے۔
ایکس پر جاری ایک بیان میں کمپنی نے کہا تھا کہ ہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ مل کر امریکا میں ٹک ٹاک کے حوالے سے طویل المعیاد حل پر کام کر رہے ہیں۔