سیالکوٹ: صوبہ پنجاب میں پولیس نے بھیس بدل کر بھیک مانگنے والے ٹک ٹاک اسٹار کو پکڑ لیا جس کی جیب سے ڈالر، ریال اور پاؤنڈ برآمد ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں ٹک ٹاک اسٹار بھکاری بن کر لوگوں کو بے وقوف بناتا رہا، بھیس بدل کر بھیک مانگنے والے کو پٹرولنگ پولیس نے پکڑ لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بھیک مانگنے والے گداگر کی جیب سے ڈالر، ریال اور پاؤنڈ برآمد ہوئے۔
اس حوالے پولیس نے مزید کہا کہ لڑکا چہرے پر کالی سیاہی لگا کر بھیک مانگتا تھا، ٹک ٹاک اسٹار پٹرولنگ کے دوران پولیس کی نظر میں آیا، تلاشی کے دوران لڑکے کی جیب سے غیرملکی کرنسیاں برآمد ہوئیں۔
خاتون نے ٹک ٹاک پر شوہر کے انتقال کی جھوٹی خبر دے دی
خیال رہے کہ مختصر ویڈیوشیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر ویوز حاصل کرنے کے لیے ایسے صارفین بھی ہیں جو کچھ بھی کرنے کو تیار رہتے ہیں، رواں سال ستمبر میں پنجاب کے شہر لیاقت پور میں خاتون نے فالوورز حاصل کرنے کے لیے ٹک ٹاک پر شوہر کے انتقال کی جھوٹی خبردے دی تھی۔
بعد ازاں اہل علاقہ کی بڑی تعداد گھر کے باہر جمع ہوئی تو حقیقت سامنے آگئی۔ خاتون نے ویڈیو میں رونے کی اداکاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کار ایکسیڈنٹ میں شوہر جاں بحق ہوگئے ہیں۔