خطرناک ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کا جنون ایک اور جان لے گیا اچانک گولی چلنے سے نوجوان سگے بھائی کے ہاتھوں ہی ہلاک ہو گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ پنجاب کے علاقے قاسم پورہ میں پیش آیا، جہاں خطرناک ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کے جنون میں ایک نوجوان اپنی جان گنوا بیٹھا۔
رپورٹ کے مطابق غالب مارکیٹ قاسم پورہ کے رہائشی دو بھائی عبدالرحمان اور عبدالمنان پستول کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہے تھے کہ اچانک گولی چل گئی جو سیدھی عبدالرحمان کو سینہ چیر گئی۔
شدید زخمی نوجوان کو تشویشناک حالت میں سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ کے مطابق ویڈیو بنانے کے دوران پستول سے گولی چلنے کے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔
واضح رہے کہ نوجوانوں میں خطرناک سیلفی اور ویڈیوز بنانے کا جنون اب تک کئی افراد کی جان لے چکا ہے۔
گزشتہ سال کوہاٹ میں ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے دو کمسن بھائی جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس واقعے میں گولی لگنے سے ایک بھائی کی ہلاکت ہوئی تو مارے خوف کے دوسرے بھائی نے خود کو گولی مار کر ختم کر لیا تھا۔