نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ٹم ساؤتھی کپتانی سے مستعفی ہوگئے، یہ فیصلہ انہوں نے سری لنکا میں ٹیم کی شرمناک کارکردگی کے بعد کیا۔
ساؤتھی کی قیادت میں نیوزی لینڈ کوسری لنکا میں دونوں ٹیسٹ میں شکست ہوئی تھی، جس کے بعد خود کو جوابدہ ٹھہراتے ہوئے ساؤتھی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
ٹم ساؤتھی کے مستعفی ہونے کے بعد ٹام لیتھم بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت کریں گے۔
35سالہ فاسٹ باؤلر نے سال 2022 میں کین ولیمسن کے بعد ٹیم کی کپتانی سنبھالی اور 14 ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی قیادت کی۔ اس حوالے سے ساؤتھی نے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ قومی ٹیم کے مفاد میں کیا ہے۔
مستعفی کپتان ٹم ساؤتھی نے اپنے بیان میں کہا کہ بلیک کیپس کی قیادت کرنا میرے لیے ایک اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ میں نے ہمیشہ اپنی ٹیم کو اوّلین ترجیح دی ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ فیصلہ ٹیم کے لیے بہتر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ میدان میں اپنی کارکردگی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ٹیم کی بہترین خدمت کر سکتا ہوں تاکہ وکٹیں لیتا رہوں اور نیوزی لینڈ کو ٹیسٹ میچز جتانے میں مدد دے سکوں۔
فاسٹ باؤلر ٹم ساؤتھی نے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیا۔
اوپننگ بلے باز ٹام لیتھم بھارت کے خلاف 16 اکتوبر سے شروع ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کی قیادت کریں گے۔
تجربہ کار کیپر بلے باز ٹام لیتھم ہندوستان کے خلاف آئندہ تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے اس سے قبل وہ نو ٹیسٹ میچوں میں نیوزی لینڈ کی قیادت کر چکے ہیں جب ولیمسن دستیاب نہیں تھے۔
ہوم گراؤنڈ پر نیوزی لینڈ کا ٹریک ریکارڈ اچھا ہے لیکن باہر 2022 کے سیزن سے سری لنکا، آسٹریلیا اور انگلینڈ سے ہار چکے ہیں جبکہ بنگلہ دیش اور پاکستان میں سیریز ڈرا ہوئی۔