معروف اداکاروں یاسر نواز اور ہارون شاہد نے وزن کم کرنے سے متعلق ٹپس بتائیں، دونوں کا کہنا تھا کہ اسکرین پر ان کا وزن زیادہ دکھائی دیتا ہے جس کی وجہ سے وہ اپنا وزن کم رکھنا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق معروف اداکاروں یاسر نواز اور ہارون شاہد نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں شرکت کی اور میزبان ندا یاسر کے مختلف سوالات کے جواب دیے۔
ہارون شاہد نے بتایا کہ ان کا وزن مناسب ہے لیکن وہ اسکرین پر فربہ لگتے ہیں لہٰذا وہ اپنا وزن کم کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے لیے ایک ہی طریقہ ہے تھوڑی سی بھوک چھوڑ کر کھانا کھایا جائے اور پیٹ مکمل طور پر نہ بھرا جائے۔
یاسر نواز نے بتایا کہ وہ زمانہ طالب علمی میں بہت دبلے پتلے ہوا کرتے تھے، ان کے والد انہیں پینٹ شرٹ نہیں پہننے دیتے تھے کیونکہ وہ اس میں مزید دبلے لگتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وہ وزن میں اضافے کے لیے ملائی، دودھ جلیبی اور انڈے وغیرہ کھایا کرتے تھے لیکن ان کے وزن میں اصل اضافہ ورزش کرنے سے ہوا۔
یاسر کا کہنا تھا کہ ورزش کرنے سے ان کا جسم حرکت میں آیا اور بھوک میں بھی اضافہ ہوا جس کے بعد ان کا وزن بڑھنا شروع ہوا، تاہم اداکاری چھوڑ کر ہدایت کاری میں آنے کے بعد انہوں نے ورزش چھوڑ دی۔
ان کا کہنا ہے کہ اب وہ ایک بار پھر سے ورزش کر کے خود کو فٹ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔