اپنے پہلے ہی بحری سفر پر غرق ہو کر تاریخ کا حصہ بن جانے والے ٹائی ٹینک جہاز کے کپتان کی نایاب گھڑی ریکارڈ قیمت میں نیلام کر دی گئی۔
بحیرہ اوقیانوس میں 1912 میں غرق ہونے والے اس وقت کے سب سے بڑے اور پرتعیش بحری جہاز ٹائی ٹینک کے حادثے میں ہزار سے زائد افراد نے اپنی جان سے ہاتھ دھوئے تھے، تاہم اس جہاز کے کپتان نے اپنی جان پر کھیل کر 700 افراد کی زندگیوں کو بچایا بھی تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کپتان آرتھر کی سونے سے بنی پاکٹ گھڑی گزشتہ دنوں نیلامی میں ریکارڈ 2 ملین ڈالر (پاکستانی ساڑھے پانچ ارب روپے سے زائد) میں فروخت ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈیفینی اینڈ کو کمپنی کی مذکورہ گھڑی جو 18 قیراط سونے سے بنی تھی، اس گھڑی کو زندہ بچ جانے والی تین خواتین نے کپتان آرتھر روسٹرون کو اپنے مسافر بردار جہاز RMS Carpathia کا رخ موڑنے میں مدد دینے کے لیے دی تھی تاکہ انہیں اور دیگر افراد کو بچایا جا سکے۔
تحفہ دینے والی ان خواتین میں ٹائی ٹینک حادثے میں ہلاک سب سے امیر ترین شخص جان جیکب ایسٹر کی بیوہ اور دیگر امیر تاجروں کی بیوائیں تھیں۔
اس تاریخی گھڑی کی نیلامی معروف نیلام گھر ہنری ایلڈریج اینڈ سن نے کی اور اس کو امریکا کے ایک پرائیویٹ کلیکٹر نے 20 ملین ڈالر میں خریدا۔
نیلام گھر کا کہنا ہے کہ یہ ٹائی ٹینک کی اب تک کی گئی یادگاروں کی نیلامی میں سب سے زیادہ قیمت پر فروخت ہونے والی شے ہے۔