بنجول: گیمبیا میں ایک پارلیمانی کمیٹی نے کھانسی کے شربت بنانے والی ہندوستانی کمپنی کے خلاف ملک میں کم از کم 70 بچوں کی موت کے شبہ میں مقدمہ چلانے کی سفارش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مغربی افریقی ملک گیمبیا میں بھارتی سیرپ سے بچوں کی ہلاکت کے معاملے میں گیمبیا کی پارلیمانی انکوائری کمیٹی نے بھارتی دوا ساز کمپنی پر مقدمہ چلانے کی سفارش کر دی۔
بی بی سی کے مطابق کمیٹی نے کئی ہفتوں کی تحقیقات کے بعد رپورٹ میں بھارتی کمپنی کی تمام ادویات پر پابندی لگانے اور اس کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا۔
کمیٹی نے کہا ہے کہ میڈن فارماسیوٹیکلز کو کھانسی کی ایک زہر آلود دوا کی برآمد کے لیے جواب دہ ٹھہرانا چاہیے۔ عالمی ادارہ صحت پہلے ہی بھارت میں بننے والے کھانسی کے سیرپ پر پابندی کا حکم دے چکا ہے۔
ادارے نے کہا کہ ان ادویات میں ایسے کیمیکلز ہیں جو انسانی جان کے لیے زہر ہیں، واضح رہے کہ گیمبیا میں بھارتی کمپنی کی تیار کردہ کھانسی کی دوا پینے سے بچوں کے گردوں میں شدید زخم ہو گئے تھے، جس کے نتیجے میں 69 بچے مر گئے تھے۔