لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت کی مدت آج ختم ہو رہی ہے، ضمانت میں توسیع نہ ہوئی تو گرفتاری کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز شریف ضمانت میں توسیع کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے۔
ہائی کورٹ کی جانب سے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں مزید توسیع نہیں ہوئی تو انھیں گرفتار کر لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ حمزہ شہباز کی جانب سے عدالتی بینچ پر اعتراض کے بعد آج نیا بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 11 جون تک توسیع
یاد رہے کہ گزشتہ پیشی کے موقع پر فاضل عدالت نے حمزہ شہباز کے وکیل پر واضح کیا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ گرفتاری کے لیے وجوہ بتانے کی ضرورت نہیں، لہٰذا کسی بھی فوج داری کیس میں پولیس گرفتار کر سکتی ہے، تو نیب کے کیسز میں گرفتار کیوں نہیں کیا جا سکتا؟
حمزہ شہباز کی جانب سے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ پرعدم اعتماد کے اظہار کے بعد جسٹس علی باقر نجفی نے کیس واپس چیف جسٹس کو بھجوا دیا تھا، جس پر چیف جسٹس ہائی کورٹ نے جسٹس مظاہر علی اکبر کی سربراہی میں نیا دو رکنی بنچ تشکیل دیا ہے۔