آج 18 جون پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا یادگار ترین دن ہے کیونکہ 6 سال قبل پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی اور سرفراز احمد یہ ٹرافی اٹھانے والے پہلے قومی کپتان بنے تھے۔
پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں کئی یادگار دن ہیں اور قومی ٹیم ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی کے عالمی کپ بھی جیت چکا ہے تو ٹیسٹ نمبر ون ہونے کی اسٹک بھی حاصل کرچکا ہے لیکن آج یعنی 18 جون پاکستان کی تاریخ میں یوں یادگار ترین قرار پایا ہے کہ آج سے 6 سال قبل 2017 میں پاکستان نے لندن کے اوول گراؤنڈ میں چیمئنز ٹرافی کے فائنل میں شکست فاش سے دوچار کرکے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
اس وقت کے کپتان سرفراز احمد پہلے قومی کپتان بنے تھے جنہوں نے چیمپئنز ٹرافی اٹھانے کا اعزاز حاصل کیا تھا اس کے ساتھ ہی پاکستان کے کسی بھی آئی سی سی ایونٹ میں بھارت کو نہ ہرانے کا جمود بھی ٹوٹ کر بھارتی غرور کو پاش پاش کرگیا تھا۔
چیمپئن ٹرافی کا آغاز ہی ڈرامائی انداز سے ہوا جب جارح مزاج قومی اوپنر فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے لیکن قدرت کو کچھ اور منظور تھا وہ نو بال قرار پائی اور یہیں سے بھارت کا میچ میں زوال شروع ہوا۔ فخر زمان نئی زندگی ملنے کے بعد پھر رکھے نہیں اور سنچری بنا کر ہی دم لیا، پاکستان کی بیٹنگ کو اظہر علی اور محمد حفیظ کی نصف سنچریوں نے تقویت دی یو گرین شرٹس نے بھارت کو جیت کے لیے 339 رنز کا بھاری ہدف دیا۔
بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن دیکھ کر یہ ہدف غیر معمولی نہیں لگ رہا تھا پھر جب بیٹنگ شروع ہوئی تو محمد عامر کی گیند پر ویرات کوہلی کا کیچ ڈراپ ہونا مزید سنسنی بڑھا گیا لیکن پھر وہ ہوا جس کا گراؤنڈ میں بیٹھے افراد سمیت دنیا بھر میں ٹی وی اسکرینز پر جمے کروڑوں شائقین کرکٹ کو بھی نہ تھا۔
محمد عامر نے اپنی گیند پر ویرات کا کیچ ڈراپ ہونے کے بعد ہمت ہارنے کے بعد مزید جوش سے بولنگ کرائی اور صرف دو اوورز میں ہی بھارتی بیٹنگ کی کمر توڑ ڈالی۔ پہلے اوپنر شیکھر دھون اور پھر اس وقت کے بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور روہت شرما کی وکٹیں لے کر بھارتیوں کے ارمانوں پر پانی ڈال دیا۔
محمد عامر کی کاری ضرب کے بعد نوجوان فاسٹ بولر حسن علی اور اسپنر شاداب خان نے بھارتی سورماؤں کا کام تمام کر دیا۔
اس فتح کے بعد جب اس وقت پوائنٹ ٹیبل پر آٹھویں نمبر پر موجود پاکستانی ٹیم نے کپتان سرفراز احمد نے ٹرافی اٹھائی تو اوول کرکٹ گراؤنڈ میں ہر طرف ہریالی چھا گئی۔ بڑبولے بھارتیوں کے منہ بند ہوگئے تو پورے پاکستان میں بھرپور جشن منایا گیا۔