بلوچستان سے ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم آج سندھ میں داخل ہوگا جس کے نتیجے میں کراچی سمیت صوبے میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایران کے راستے داخل ہونے والا مغربی ہواؤں کا ایک اور تگڑا سسٹم بلوچستان، سندھ ، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے بیشتر حصوں پر اثر انداز ہوگا۔
بلوچستان سے ہوا کے کم دباؤ کا بارش برسانے والا سسٹم آج سندھ میں داخل ہوگا جس کے نتیجے میں کراچی سمیت آج صوبے بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں دن کے وقت ہلکی جب کہ شام میں تیز بارش ہوگی
محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود جب کہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ دن میں درجہ حرارت 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد سندھ حکومت نے صوبے بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی جب کہ کراچی ڈویژن کے سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر میں آج آدھے دن کی چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں سندھ حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن میں تمام کارپوریشن، لوکل کونسلز کے دفاتر دوپہر 2 بجے بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تاہم اس نوٹیفکیشن کا اطلاق بنیادی اور ایمرجنسی ڈیوٹی انجام دینے والوں پر نہیں ہوگا۔
محکمہ تعلیم نے بھی موسم کی صورتحال کے پیش نظر سندھ بھر میں آج شام کی شفٹ میں تمام تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ مغربی ہواؤں کے اس سسٹم سے ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے جب کہ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ممکنہ بارشوں اور برف باری سے متعلق الرٹ جاری کردیا ہے، این ڈی ایم اے کے مطابق تیز بارشوں سے کراچی،، حیدرآباد، گوادر،پشاور،مردان، میں سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے۔
صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور اسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔