اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے آج کے کراچی کو ماضی میں جبر کے شکار کراچی کے مقابلے میں جنت قرار دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اپنے ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری نے نجی ٹی وی چینل کے مقتول رپورٹر ولی خان بابر کیس سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ولی خان بابر کا اصل قاتل تو لندن بیٹھا ہے لیکن آلہ کار کی گرفتاری نے یاد کرایا کہ کراچی پر کیسا مافیا راج کرتا تھا۔
انھوں نے لکھا کہ آج کا کراچی اس جبر کے شکار کراچی کے مقابلے میں جنت ہے، کراچی نے بہت لہو دیکھا ہے، برطانیہ کو پاکستان کے مجرم حوالے کرنے چائیں تاکہ اصل شیطان انجام کو پہنچیں۔
یاد رہے گزشتہ روز صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں بتایا کہ نجی ٹی وی چینل کے صحافی ولی بابر پر گولی چلانے والے قاتل کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ولی بابر کو 13 جنوری 2011 کو لیاقت آباد میں قتل کیا گیا تھا۔
کراچی، صحافی ولی بابر پر گولی چلانے والا قاتل گرفتار
کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ ولی بابر قتل کیس میں 8 ملزمان نامزد تھے، ایک ملزم لیاقت علی واقعے کے ایک سال بعد مارا گیا تھا، تحقیقات میں ذیشان عرف شانی نے 4 قتل کا اعتراف کیا۔
اگرچہ ولی خان بابر کا اصل قاتل تو لندن بیٹھا ہے لیکن آلہ کار کی گرفتاری نے یاد کرایا کہ کراچی پر کیسا مافیا راج کرتا تھا، آج کا کراچی اس جبر کے شکار کراچی کے مقابلے میں جنت ہے، کراچی نے بہت لہو دیکھا ہے برطانیہ کو پاکستان کےمجرم حوالے کرنے چاہئیں تا کہ اصل شیطان انجام کو پہنچیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) June 16, 2020
غلام نبی میمن کے مطابق ولی بابر پر براہ راست گولی چلانے والا ذیشان عرف شانی تھا، صحافی کے قتل کا ماسٹر مائنڈ فیصل موٹا تھا، قاتل نے بتایا ولی بابر کو مارنے کی وجہ اے این پی کے لیے کام کرنا تھا، ولی بابر ایم کیو ایم مخالف اسٹوری پر بھی کام کر رہا تھا۔