ٹوکیو: دنیا کے کھیلوں کے سب سے بڑے میلے اولمپکس کا ٹوکیو میں رنگارنگ آغاز ہو گیا، بغیر تماشائیوں کے افتتاحی تقریب میں فن کاروں نے شان دار پرفارمنس پیش کی۔
تفصیلات کے مطابق کئی برسوں کی تیاریوں اور رکاوٹوں کے بعد جمعہ کے روز جاپان کے معیاری وقت کے مطابق شب 8 بجے سے ٹوکیو اولمپکس کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے، تقریب میں 950 غیر ملکی معززین، سفارت کاروں، اسپانسرز اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔
کرونا وائرس کی جاری وبا کے باعث منتظمین بے حد مصروف ہیں، کھیلوں کے انعقاد کے زیادہ تر مقامات پر تماشائیوں کی آمد ممنوع ہے، اور شریک کھلاڑیوں پر سخت پابندیاں عائد ہیں۔
207 ممالک اور خطوں کے 11 ہزار سے زائد کھلاڑی 33 کھیلوں کے مقابلوں میں 339 میڈلز کے لیے قسمت آزمائیں گے۔ بیڈمنٹن پلیئر ماحور شہزاد اور شوٹر خلیل اختر نے سبز ہلالی پرچم تھامے مارچ پاسٹ میں قومی دستے کی رہنمائی کی، کھیلوں کا یہ عالمی ایونٹ 8 اگست تک جاری رہے گا۔
The Olympic Flag is carried into the stadium by six athletes who have given their time and talent to serve as essential workers in their local communities.
Thank you. 🙏#StrongerTogether #OpeningCeremony pic.twitter.com/DVPFptksXU
— Olympics (@Olympics) July 23, 2021
واضح رہے کہ جاپانی دارالحکومت میں اس وقت چوتھی ہنگامی حالت نافذ ہے، کھلاڑیوں اور کھیلوں کے عہدے داروں میں پہلے ہی درجنوں کرونا متاثرین کی تصدیق کی جا چکی ہے، منتظمین نے جمعہ کے روز بتایا کہ جمہوریہ چیک اور ہالینڈ سے آنے والے 3 کھلاڑیوں کا ٹوکیو پہنچنے کے بعد کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
یکم جولائی سے اب تک کھیلوں سے متعلقہ مصدقہ متاثرین کی کل تعداد 106 ہو گئی ہے۔
The #Tokyo2020 Olympic Games kick off with fireworks at the opening ceremony pic.twitter.com/sa576XPcp6
— Reuters Sports (@ReutersSports) July 23, 2021
افتتاحی تقریب کے حوالے سے بھی ایک تنازعہ سامنے آیا تھا، اس تقریب کے ڈائریکٹر کو 1990 کے عشرے میں ہولوکاسٹ کے بارے میں دیے گئے بیان کے باعث، تقریب سے ایک دن قبل سبک دوش کر دیا گیا تھا۔
اس سے قبل ایک موسیقار اس وجہ سے مستعفی ہوئے کیوں کہ انھیں دور طالب علمی میں اپنے ہم جماعتوں سے بدسلوکی کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، ان ہم جماعتوں میں سے کچھ معذور بھی تھے۔
دریں اثنا اولمپک مشعل وسطی ٹوکیو پہنچ چکی ہے، جہاں بلدیہ عظمیٰ کی سرکاری عمارت میں اس کا استقبال کیا گیا، ملک بھر میں اس کا طویل سفر مارچ میں فوکوشیما سے شروع ہوا تھا۔