تائی پے: مشرقی ایشیا کے ملک تائیوان میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ کے نتیجے میں تائیوان کے فوجی سربراہ سمیت 8 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تائیوان میں بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں تائیوان کے چیف آف جنرل اسٹاف شن یی منگ سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے جب کہ ہیلی کاپٹر میں 13 افراد سوار تھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق تائیوان کے وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں سوار 13 میں سے 5 افراد کو بچا لیا گیا، فوجی ہیلی کاپٹر نے ایوی ایشن سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی، ہیلی کاپٹر تائی پے سے شمال مشرقی شہر یلان جا رہا تھا۔
ہیلی کاپٹر تائی پے کے ایک پہاڑی علاقے میں تباہ ہوا، جس میں سوار 62 سالہ چیف آف جنرل اسٹاف متعدد اعلیٰ فوجی حکام کے ہم راہ نئے سال کی تقریبات میں شرکت کے لیے روٹین مشن پر یلان جا رہے تھے۔
حادثے کے بعد کئی گھنٹوں تک تائیوان کے اعلیٰ فوجی جنرل کی موت سے متعلق درست خبر نہیں آ سکی تھی، متضاد رپورٹس آ رہی تھیں کہ وہ ان پانچ افراد میں شامل ہیں جنھیں بچا لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ یہ حادثہ تائیوان کے عام انتخابات سے قبل پیش آیا ہے، 11 جنوری کو تائیوان میں عام انتخابات ہو رہے ہیں، جنھیں بیجنگ کے ساتھ تعلقات پر ایک ریفرنڈم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں حکام تائیوان کو ایک ایسے الگ ہونے والے صوبے کی طرح دیکھتے ہیں جسے ان کے کنٹرول میں واپس آنا چاہیے۔