سال 2015 اپنی تمام رونقیں اور یادگار بہاروں کے ساتھ بالاخر اختتام پذیرہو رہا ہے، سال 2015 میں کھیل کی دنیا میں کون جیتا کون ہارا اور کس نے تاریخ رقم کی جانیئے۔
اے بی ڈویلیئرز تیز ترین سینچری
جنوبی افریقہ کے بلے باز اے بی ڈویلیئرز نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی تیز ترین سینچری بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں اے بی ڈویلیئرز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 31 گیندوں پر سینچری اسکور کی جس میں آٹھ چوکے اور 10 چھکے بھی شامل تھے۔
پاکستانی تن سازوں کیلئے فخرکرنے کا لمحہ
پاکستان کے مایہ ناز تن ساز اور 2005 میں مسٹر پاکستان کا اعزاز پانے والے عاطف انور نے آسٹریلیا میں 100 کلو گرام سے زائد کے مقابلے میں آرنلڈ کلاسک ایوارڈ جیتا۔
وہاب ریاض کی شین واٹسن کے خلاف تاریخی بالنگ
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے ورلڈ کپ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف بہترین اور عمدہ بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی فاسٹ بالر وہاب نے تاریخ رقم کی۔میچ کے دوران آسٹریلیا کے کھلاڑی شین واٹسن اور وہاب ریاض کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔
زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان
برسوں بعد پاکستان میں بین الاقوامی ٹیم کی آمد ہوئی زمبابوے کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا
پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی رونقیں بحال ہوئیں، قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچ کھیلا گیا۔
خواتین کے فیفا فٹبال عالمی کپ امریکہ فاتح
خواتین کے فیفا فٹبال عالمی کپ کا فائنل میں امریکہ نے جاپان دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر عالمی کپ اپنے نام کیا، اسی سال امریکہ خواتین کا عالمی کپ تین مرتبہ جیتنے والا پہلا ملک بھی بن گیا ہے۔
اسپیشل اولمپکس گیمز پاکستان کی کامیابی
اسپیشل اولمپکس گیمز لاس اینجلس میں منعقد ہوا جس میں پاکستان نے 14طلائی تمغوں کے ساتھ 33میڈل حاصل کئے۔
کرپشن کے باعث فیفا کے صدر معطل
کرپشن اسکینڈل کے سبب فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی ایتھکس کمیٹی نے تنظیم کے صدر سیپ بلاٹر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، فیفا کی ایتھکس کمیٹی نے تنظیم کے صدر سیپ بلاٹر ، سیکرٹری جنرل جیروم والک اور نائب صدر مائیکل پلاٹینی کو نوے روز کے لئے معطل کردیا۔
یونس خان کا تاریخی ریکارڈ
پاکستان کر کٹ ٹیم کے نامور کھلاڑی یونس خان نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں نو ہزار رنز بنانے کا اہم سنگ میل عبور کیا، انضمام الحق کی سنچریوں اورمیانداد کے رنز بنانے کا ریکارڈ توڑنے کےبعد یونس خان نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
تاریخ میں پہلی بار ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کا انعقاد
کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کا انعقاد ہوا کرکٹ کے چار سو آٹھویں میچ میں سرخ کی جگہ گلابی گیند استعمال کیا گیا ۔
پاکستان سپر لیگ کا خواب پورا ہوگیا
آخر کار جس کا ہر پاکستانی کو انتظار تھا وہ دن آگیا پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل آئندہ سال فروری میں قطر کی بجائے دبئی اور شرجہ میں کرنے کا اعلان کردیا۔
کروڑوں روپے مالیت کی پاکستان سپر لیگ کرانے کے لئے زور شور سے تیاریاں کی جارہی ہیں، پاکستان سپر لیگ چار فروری سے یو اے ای میں شروع ہوگی، ابتدائی راؤنڈ کے میچز دبئی میں ہوں گے، افتتاحی میچ میں اسلام آباد اور کوئٹہ کی ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی، کراچی کی ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ پانچ فروری کو لاہور کے خلاف کھیلے گی۔