جمعرات, فروری 20, 2025
اشتہار

کراچی: میری ٹائم میوزیم میں ملازمت کرنے والی خاتون اغوا کے بعد قتل

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: میری ٹائم میوزیم میں ملازمت کرنے والی خاتون کو اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا ، ملزمان نے ویڈیو بنا کر خاتون کےوالد کو بھجوائی اورایک کروڑ تاوان مانگا تھا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں فیڈرل بی ایریاکی رہائشی خاتون کی تشدد زدہ لاش سرجانی ٹاؤن سے مل گئی، خاتون کی گمشدگی کی رپورٹ مقتولہ کے شوہر نے یوسف پلازہ تھانےمیں درج کرائی تھی۔

شوہر نے بتایا تھا کہ میں فیڈرل بی ایریا بلاک 16 کا رہائشی ہوں، میں اورمیری بیوی میری ٹائم میوزیم میں شاپ کیپر کی جاب کرتے ہیں، میری اہلیہ سحر فاطمہ کی ڈیوٹی دوپہر 3 سے رات 10 بجےتک ہے، اہلیہ ساڑھے 12 بجے دوپہر راشن لینے نکلی ، شام 6 بجے گھر پر رابطہ کیا بچوں نے بتایا والدہ واپس گھر نہیں پہنچی۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ رات 9 بجے میری سالی امبر نے بتایا سحر کے نمبر سے ویڈیو موصول ہوئی ہے، ویڈیو میرے سسر کے نمبر پر موصول ہوئی، سحر کے ہاتھ پاوں باندھے ہوئے اور منہ پر ٹیپ لگا ہوا تھا، ویڈیو میں اغوا کار کی آواز سنائی دے رہی تھی، ویڈیو میں نامعلوم شخص ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کررہا تھا۔

مقدمہ درج ہونے کے بعدآج پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پرخاتون کی لاش برآمد کی ، پولیس نے بتایا کہ مقتولہ سحر فاطمہ کو تشدد کر کے قتل کیا گیا، لاش کا پوسٹ مارٹم جاری ہے ، مزید رپورٹ آنے کے بعد تصدیق ہو سکے گی۔

حکام کا کہنا تھا کہ ویڈیو بھیج کر خاتون کے اہلخانہ سے 1 کروڑ تاوان مانگا گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں