اسلام آباد : قومی احتساب بیورو (نیب ) نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق آصف زرداری کی بریت کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے استدعا کی عدالت بریت کی درخواست مسترد کرے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کےخلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔
دوران سماعت نیب نے آصف زرداری کی بریت کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا احتساب عدالت آصف زرداری کی بریت کی درخواست مسترد کرے۔
عدالت نے آصف زرداری اور یوسف رضاگیلانی کی ایک روزہ حاضری سےاستثنیٰ کی درخواستیں منظور کرلیا، جس کے بعد وکیل فاروق نائیک نے استدعا کی کہ مجھے سپریم کورٹ جانا ہے، عدالت سماعت ملتوی کرے۔
احتساب عدالت نے سماعت مزید کارروائی کے لیے 18نومبر تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے توشہ خانہ ریفرنس میں یوسف رضا گیلانی اورآصف زرداری پرفردجرم عائد ہوچکی ہے تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔
واضح رہے توشہ خانہ ریفرنس کےمطابق آصف زرداری اورنواز شریف پر غیرقانونی طور پر گاڑیاں حاصل کرنے کا الزام ہے، غیرقانونی طورپرگاڑیاں یوسف رضا گیلانی سے حاصل کی گئیں۔