اسلام آباد : سابق وزیراعظم نواز شریف نے توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت کا حکم نامہ چیلنج کر دیا، عدالت نے 17 گست تک پیشی کا آخری موقع دے رکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے توشہ خانہ ریفرنس میں اسلام آبادہائی کورٹ سےرجوع کرتے ہوئے احتساب عدالت کا حکم نامہ چیلنج کر دیا، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نمائندے کےذریعے عدالت میں نمائندگی کی اجازت دی جائے۔
احتساب عدالت نے مسلسل غیر حاضری پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی طلبی کا اشتہارجاری کرکے پیشی کاآخری موقع دے رکھا ہے۔
عدالت نے کہا تھا نواز شریف جان بوجھ کر عدالتی کارروائی سے مفرورہیں، ملزم کو اشتہاری قرار دینےکی کارروائی شروع کردی، نواز شریف کو ریفرنس کا جواب دینے کے لئے سترہ اگست تک آخری موقع دیا جاتا ہے۔
یاد رہے قومی احتساب بیورو (نیب) نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی گاڑیاں قبضے میں لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
نیب نے آصف علی زرداری کی 3گاڑیوں کی ملکیت منجمد کردیں جبکہ نواز شریف کی توشہ خانہ سے لی جانے والی مرسیڈیز گاڑی کی ملکیت بھی منجمد کردی گئی تھی۔
خیال رہے توشہ خانہ ریفرنس کےمطابق آصف زرداری اورنواز شریف پر غیرقانونی طور پر گاڑیاں حاصل کرنے کا الزام ہے، غیرقانونی طورپرگاڑیاں یوسف رضا گیلانی سے حاصل کی گئیں۔