بدھ, دسمبر 11, 2024
اشتہار

توشہ خانہ ٹو ریفرنس : بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں مسترد

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : توشہ خانہ ٹو ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں مسترد کردی گئی ، دونوں پر پیر کو فرد جرم عائد ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے توشہ خانہ ٹو ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔

فیصلے میں بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کی بریت کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے کہا توشہ خانہ ٹوریفرنس میں پیر کو فرد جرم عائد ہوگی۔

- Advertisement -

یاد رہے اسپیشل جج سینٹرل نے توشہ خانہ ٹوکیس میں عمران خان کی ضمانت مسترد کردی تھی جبکہ بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور ہوچکی ہے، عمران خان کی اہلیہ مجموعی طور پر9 ماہ جیل رہیں، ان کو رواں سال 31 جنوری کو توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید کی سزا ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں : توشہ خانہ کیس 2: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی

بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواست پرسماعت کی تھی تاہم وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے پراسیکیوٹر عمیر مجید ملک کی عدم دستیابی کے باعث درخواست ضمانت پر سماعت بغیر کارروائی کے 20 نومبر تک ملتوی کردی تھی۔

خیال رہے بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس ٹو سعودی ولی عہد کی جانب سے دیے گئے بلغاری جیولری سیٹ پر دائر کیا گیا تھا۔

ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ بشریٰ بی بی کوبلغاری جیولری سیٹ 7 سے 10 مئی 2021 کے دورہ سعودی عرب پردیاگیا، جیولری سیٹ میں ایک انگوٹھی ، بریسلٹ ، نیکلس ، ایک جوڑی بالیاں شامل ہیں۔

ریفرنس میں بتایا گیا تھا کہ شواہدکےمطابق بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ نے غیر قانونی طور پر بلغاری جیولری سیٹ اپنے پاس رکھا، ڈپٹی ایم ایس نے 18 مئی 2021 کوایس او توشہ خانہ کو قیمت کا تخمینہ لگانے کے بارے میں آگاہ کیا، سیکشن افسر توشہ خانہ کو ڈکلیئر کرنے کے بارے میں آگاہ کیا گیا لیکن سیٹ جمع نہیں کرایا گیا۔

ریفرنس میں کہنا تھا کہ بلغاری کمپنی نے فرنچائز سالوجنٹ ٹریڈنگ سعودی عرب کو ہار، بالیاں فروخت کی تھیں، 25 مئی 2018 کو ہار 3 لاکھ یورو، بالیاں 80 ہزار یورو میں فروخت کی گئی تھیں تاہم کمپنی سے بریسلٹ اورانگوٹھی کی قیمت کے بارے میں معلومات نہیں مل سکیں۔

ریفرنس کے مطابق بلغاری جیولری سیٹ کی ٹوٹل قمیت تقریباً 7 کروڑ 56 لاکھ 61 ہزار 600 پاکستانی روپے بنتی ہے، جیولری سیٹ میں شامل ہار کی قیمت 5 کروڑ 64 لاکھ 96 ہزار روپے بنتی ہے جبکہ جیولری سیٹ میں شامل بالیوں کی قیمت 1 کروڑ 50 لاکھ 65 ہزار 600 روپے بنتی ہے۔

نیب کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ رولز کے مطابق 50 فیصد دے کرسیٹ کی قیمت 3 کروڑ 57 لاکھ 65 ہزار 800 روپے بنتی ہے، جیولری سیٹ کی کم قیمت لگوا کر قومی خزانے کو 3 کروڑ 28 لاکھ 51 ہزار 300 روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

ریفرنس میں مزید کہا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے اہلیہ سے ملکرنیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 9، سب سیکشن 3 ،4،6 اور 12 کی خلاف ورزی کی ، یکم اگست 2022 کو بورڈ میٹنگ کے بعد چیئرمین نیب کی ہدایت پرانکوائری شروع ہوئی، بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی نے اپنے اختیارات کا نا جائز استعمال کیا، بانی پی ٹی آئی نے وزارت عظمیٰ کے دور میں 108 تحائف میں سے 58 اپنے پاس رکھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں