اسلام آباد : وفاقی حکومت کے قرضوں کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے اور مجموعی قرض 70 کھرب 366 ارب روپے پر پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے مجموعی قرض میں جولائی تا نومبر دوہزار چوبیس ایک کھرب چارسو باون ارب روپے اضافہ ہوگیا، جس کے بعد مجموعی قرض ستر کھرب تین سو چھیاسٹھ ارب روپے پر پہنچ گیا۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے جون 2024 تک مجموعی قرض اڑسٹھ کھرب نوسو چودہ ارب روپے تھا۔
حکومت کے مقامی قرض میں تین فیصد یعنی ایک کھرب چار سو پچیس ارب روپے اضافہ ہوا، جو بڑھ کر اڑتالیس کھرب پانچ سو پچاسی ارب روپے پر پہنچ گیا۔
رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں وفاقی حکومت کے بیرونی قرض بھی پچیس ارب روپے بڑھ گئے اور وہ 21 کھرب 780 ارب روپے ہو گئے جبکہ جون 2024 میں وفاقی حکومت کا قرض 21 کھرب 754 ارب روپے تھا۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے جنوری تا مارچ دوہزار پچیس کے دوران وفاقی حکومت کا سوا پانچ کھرب روپے مزید قرض لینے کا امکان ہے۔