لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سیاحت کو صنعت کا درجہ دے کر نئی پالیسی تشکیل دی گئی، سیاحت کا شعبہ ہماری ترجیحات میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سیاحت کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ سیاحت کا شعبہ سماجی اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاحت غیرملکی زر مبادلہ کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے، سیاحت کے فروغ سے مقامی افراد کو روزگار ملتا ہے، پاکستان کے پر کشش مقامات سیاحوں کو راغب کرتے ہیں، سیاحت کا شعبہ ہماری ترجیحات میں ہے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا کہ سیاحوں کو سہولتوں کی فراہمی کے مؤثر اقدامات کیے ہیں، پنجاب میں 179 ریسٹ ہاؤسز کو عوام کے لیے کھولا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مربوط پالیسی کے تحت پنجاب میں نئے مقامات کو ترقی دی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج سیاحت کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ پاکستان سیاحتی مقامات اور قدرتی مناظر کے حسن سے مالا مال ملک ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات پر ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے بے شمار اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
سیاحت کا عالمی دن ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کونسل کی سفارشات پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرارداد کی منظوری کے بعد سے 1970 سے ہر سال 27 ستمبر کو منایا جاتا ہے۔