پشاور : محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کی سیاحت کے فروغ کی کوششیں رنگ لانے لگیں، وزارت سیاحت کی جانب سے بہتر انفراسٹرکچر اور بہترسہولتوں کی فراہمی کی بدولت سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے موسم سرما میں سیاحوں کی آمد پر اعداد وشمار جاری کردیے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پچھلے سال موسم سرما میں سیاحوں کی 26800 گاڑیوں کی گلیات آمد ہوئی۔
گزشتہ سال ایک لاکھ 7ہزار 200سیاح گلیات پہنچے، رواں سیزن صرف دسمبر سے اب تک 69650 گاڑیاں گلیات میں داخل ہوئیں۔
دو لاکھ58ہزار سیاح گلیات میں برفباری سے محظوظ ہوئے، اس حوالے سے سینئر وزیر سیاحت عاطف خان کی جی ڈی اے کو بہترین سہولت جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صفائی یقینی بنائیں، کچرا پھیلانے والوں سے بھاری جرمانے وصول کریں، ریسٹورنٹس پر صفائی اور سیاحوں کو معیاری خواراک کی فراہمی یقینی بنایا جائے۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب کی دلچسپی کے پیش نظر سیاحت پر خصوصی توجہ دی جائے: وزیر اعظم
یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پشاور کے دورے کے موقع پر صوبائی حکومت کو ہدایت کی تھی کہ سعودی عرب نے سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری اور دلچسپی کا اظہار کیا ہے، لہٰذا پختونخواہ حکومت سیاحت پر خصوصی توجہ دے تاکہ سیاحت کی استعداد بروئے کار لائی جاسکے۔