پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ کے سینئر وزیر عاطف خان کا کہنا ہے کہ سیاحت کےفروغ سے مقامی سطح پرعوام کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وسزیر سیاحت عاطف خان، وزیر صحت شہرام ترکئی نے صوابی کے سیاحتی مقام کا دورہ کیا، وزرا نے گدون بیرگلی میں بنیادی انفرااسٹرکچرسمیت دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔
عاطف خان نے کہا کہ گدون بیرگلی کی ترقی کے لیے پہلےمرحلے میں21 کروڑ کی منظوری دی، بیر گلی کو ترقی دینے کے لیے 8 کلو میٹرسڑک کی منظوری دی جا چکی ہے۔
صوبائی سینئر وزیر نے کہا کہ قدرتی حسن سے مالامال گدون بیر گلی میں تمام سہولیات دی جائیں گی، گدون بیرگلی میں چیئرلفٹ،سکی ریزارٹ،ایڈونچرٹورازم کے لیے سروے ہوگا، گدون بیر گلی میں آرکیالوجیکل سائٹس بھی موجود ہے جیسے محفوظ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بیرگلی میں سیاحوں کی سہولت کے لیے ریسٹ ہاؤسز بھی بنائے جائیں گے، سیاحت کے فروغ سے مقامی سطح پر عوام کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے، صوبے میں14 نئے سیاحتی مقامات تک سڑک تعمیر کی منظوری دی جا چکی۔
عاطف خان کا کہنا تھا کہ سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر کے لیے 5 ارب کی منظوری دی جاچکی ہے، گدون امازئی میں کھیلوں کے فروغ کے لیے میدان بنائے جائیں گے۔
صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی نے کہا کہ کیٹیگری ڈی اسپتال، ڈسپنسری، صحت کی دیگر سہولیات فراہم کی جائے گی، 6 ماہ بعد صحت انصاف کارڈ صوبے کے تمام عوام کو فراہم کیا جائے گا۔