ابو ظہبی : متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ابوظہبی پہنچنے والے تمام ملکوں کے شہریوں کو سیاحتی ویزا دینے کا اعلان کردیا ہے اور یہ سہولت ٹرانزٹ ویزہ رکھنے والے مسافروں کے لیے بھی ہو گی.
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے سیاحتی ویزہ کے اجراء کے اعلان کے بعد امیگریشن حکام نے ابوظبی ایئرپورٹ کے ٹرمینل تھری (ٹرانزٹ ایریا) پر نیا کاﺅنٹر قائم کر دیا ہے جہاں محض 15 سے 30 منٹ میں سیاحتی ویزہ جاری کردیا جائے گا.
اس بات کا فیصلہ محکمہ سیاحت و کلچر، ابوظہبی ایئرپورٹ، اتحاد ایئرلائن اور خارجہ و داخلہ حکام کے مابین ہونے والے مشترکہ اجلاس میں ابوظہبی میں سیر و تفریح کے مواقعوں کے انتخاب اور یہاں سیاحت کے فروغ کے منصوبے 2017 کے تحت کیا گیا.
ذرائع کے مطابق سیاحتی ویزہ ابوظہبی آنے والے افراد کو 4 دن کے لئے فراہم کیا جائے گا اور ان چار دنوں میں مسافر ابوظہبی کی سیر کرسکیں گے اس سہولت سے نئے مسافر اور ٹرانزٹ ویزہ پر سفر کرنے والے مسافر بھی فائدہ اُٹھا سکتے ہیں.
خیال رہے کہ ابوظبی ایئرپورٹ کے ٹرمینل تھری (ٹرانزٹ ایریا) پر قائم کاﺅنٹر پہلے ہی مختلف قسم کے ویزے جاری کررہا ہے جس میں اب 4 روز کے سیاحتی ویزے کے اجراء کا اضافہ ہوگیا ہے.
علاوہ وزیں ٹرانزٹ ویزے پر سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ابو ظہبی پہنچنے پر ان کے ویزے ایک مختصر طریقہ کار کے تحت محض ایک گھنٹے میں سیاحتی ویزے میں تبدیل کردیئے جائیں گے تاہم اس ویزے کی معیاد محض چار دن ہو گی.
متحدہ عرب امارات کی حکومت کا یہ اقدام ابوظہبی میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے جب کہ یو اے ای کے الیوم وطنی کے موقع پر دنیا بھر سے سیاحوں کی کثیر تعداد رنگا رنگ تقریبات دیکھنے یہاں پہنچیں گے.