ٹوکیو: جاپان کی کار بنانے والی مشہور و معروف کمپنی نے بجلی سے چلنے والی گاڑی متعارف کرادی جسے گھر میں با آسانی چارج کیا جاسکتا ہے۔
جاپانی میڈیا رپورٹ کے مطابق کارمینوفیکچرنگ کمپنی ٹویوٹا نے ’پلس پوڈ‘ نامی گاڑی متعارف کروائی جو جدید، منفرد اور خصوصیات کی حامل ہے۔
اس گاڑی کو چلانے کے لیے پیٹرول، ڈیزل یا گیس کی ضرورت نہیں بلکہ یہ بجلی سے چارج ہونے کے بعد چلتی ہے۔بظاہر چھوٹی مگر جاندار گاڑی میں ڈرائیور کے ساتھ ایک اور شخص کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ’الیکٹریکل گاڑی ماحول دوست ہے، یہ آب و ہوا اور ماحولیات کو شفاف رکھنے میں مدد گار ثابت ہوگی‘۔
کمپنی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس گاڑی کو فی الحال عام صارفین کے لیے متعارف نہیں کرایا گیا، پلس پوڈ 2022 تک مارکیٹ میں دستیاب ہوگی، جسے عام صارفین مارکیٹ سے خرید کر استعمال کرسکیں گے۔
ٹویوٹا کے مطابق گاڑی کو عام جرنیٹر سے بھی چارج کیا جاسکتا ہے، ایک بار بیٹری فل چارج ہونے کے بعد اسے دس گھنٹے تک مسلسل چلایا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ موسمیاتی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر دنیا کی بڑی اور نامور کمپنیاں آبی آلودگی کو کم کرنے کے اقدامات کررہی ہیں، اس حوالے سے گاڑیاں اور موٹر سائیکل بنانے والی کمپنیوں نے وہیکلز کو الیکٹرک پر لانے کا فیصلہ کیا ہے۔