ڈی جی خان: ڈیرہ غازی خان میں زائرین سے بھری ایک ٹریکٹر ٹرالی نہر میں گرنے کے باعث 23 افراد ڈوب گئے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان میں سخی سرور جانے والے زائرین کی ٹریکٹر ٹرالی کو حادثہ پیش آیا ہے، ٹریکٹر بے قابو ہو کر نہر میں جا گری، جس کے باعث تئیس افراد ڈوب گئے ہیں۔
ٹریکٹر ٹرالی میں 47 افراد سوار تھے، نہر میں گرنے والے 26 افراد کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا، تاہم باقی افراد ڈوب گئے، جن میں سے 6 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
گزشتہ روز ڈوبنے والے افراد کی تلاش کے لیے آج ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے، نہر میں ڈوبنے والوں کی لاشوں کی تلاش جاری ہے۔
اس افسوس ناک واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے جس میں ٹریکٹر ٹرالی کو نہر میں بے قابو ہو کر گرتے دیکھا جا سکتا ہے، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرالی میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے۔