عراق میں ہونے والے افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے ایرانی زائرین سمیت 18 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ عراق کے شمالی صوبے صلاح الدین میں دو شہروں کو ملانے والی مصروف سڑک پر رونما ہوا۔
ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینس واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھی جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
اطلاعات کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق ایران سے ہے، جبکہ 13 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں میں سے ایک کا ڈرائیور سو گیا تھا جس کی وجہ سے 18 افراد موت کی وادی میں چلے گئے۔
واضح رہے کہ اربعین (چہلم امام حسین ؓ) کے سلسلے میں ہر سال ہزاروں افراد عراق کا رُخ کرتے ہیں، جن میں زیادہ تر تعداد ایرانی زائرین کی ہوتی ہے۔